عرفان کھوسٹ
پاکستان کے معروف اداکار عرفان کھوسٹ لاہور میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد سلطان کھوسٹ فلموں کے مشہور اداکار تھے۔ 1970ء کی دہائی میں انہوں نے اسٹیج سے اپنے فنی زندگی کا آغاز کیا۔
عرفان کھوسٹ پاکستان ٹیلی وژن کے معروف فن کاروں میں بھی شمار ہوتے ہیں۔ ان کے مشہور ٹیلی وژن ڈراموں میں آشیانہ، ہم ساتھ ساتھ ہیں اور کوٹھی نمبر 156 شامل ہیں۔ ٹیلی وژن کی مشہور ڈرامہ سیریز ’’اندھیرا اجالا‘‘ ان کی فنی زندگی کا ایک اہم سنگ میل سمجھی جاتی ہے جس میں انہوں نے ایک پولیس والے کرم داد کا یادگار کردار ادا کیا تھا۔ عرفان کھوسٹ نے کئی ڈرامے پروڈیوس بھی کیے جن میں آؤ کہانی بنتے ہیں، پیا نام کا دیا ، شاشلک ایکسٹرا ہاٹ، کلموہی اور مجھے اپنا نام و نشاں ملے شامل ہیں۔ انھوں نے 20 کے لگ بھگ فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے اور فلم ’’ہم سے ہے زمانہ‘‘ میں مزاحیہ اداکاری کا نگار ایوارڈ بھی حاصل کیا۔
حکومت پاکستان نے ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر انہیں 14 اگست 2000ء کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا۔