ہاکی کے پہلے عالمی کپ کی فتح پر یادگاری ڈاک ٹکٹ کا اجرأ

پاکستان کے ڈاک ٹکٹ

اکتوبر 1971ء میں اسپین کے شہر بارسلونا میں ہاکی کے پہلے عالمی کپ کا انعقاد ہوا۔ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان نے نہایت شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 24 اکتوبر 1971ء کو فائنل میں اسپین کو 1۔ صفر سے شکست دے کر یہ پہلا عالمی کپ جیت لیا۔ فائنل میں میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول رائٹ بیک اختر الاسلام نے کیا جب کہ پاکستانی ٹیم کی قیادت خالد محمود نے کی۔ یہ ٹورنامنٹ جیت کر پاکستان نے ہاکی کا گرینڈ سلام بھی حاصل کیا کیونکہ اولمپکس اور ایشیائی کھیلوں میں ہاکی کے ٹائٹل پہلے ہی اس کے پاس تھے۔
 ہاکی کے پہلے عالمی کپ کی اس یادگارفتح پرپاکستان کے محکمہ ڈاک نے24 اکتوبر1971ء ہی کو  20پیسے مالیت کا ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیا جس پر عالمی ہاکی کپ کی ٹرافی اورایک کھلاڑی کی تصویر بنی تھی۔ یہ ڈاک ٹکٹ پاکستان سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کے ڈیزائنر فضل کریم نے ڈیزائن کیا تھا۔

UP