ڈاکٹرعبادت بریلوی
٭19 دسمبر 1998ء کو اردو زبان و ادب کے ممتاز استاد، محقق، نقاد اور مصنف ڈاکٹر عبادت بریلوی لاہور میں وفات پاگئے۔
ڈاکٹر عبادت بریلوی کا اصل نام عبادت یار خان تھا اور وہ 14 اگست 1920ء کو بریلی (یوپی) میں پیدا ہوئے تھے۔ 1942ء میں انہوں نے لکھنؤ یونیورسٹی سے ایم اے اور 1946ء میں اسی یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے تدریس کے شعبے سے اپنی عملی زندگی کا آغاز کیا اور لکھنؤ یونیورسٹی اور دہلی یونیورسٹی سے وابستہ رہے۔ قیام پاکستان کے بعد انہوں نے لاہور میں اقامت اختیار کی اور اورینٹل کالج لاہور سے منسلک رہے۔ آپ کی تصانیف میں اردو تنقید کا ارتقا، تنقیدی زاویے، غزل اور مطالعۂ غزل، غالب کا فن، غالب اور مطالعۂ غالب، تنقیدی تجربے، جدید اردو تنقید، جدید اردو ادب، اقبال کی اردو نثر اور شاعری اور شاعری کی تنقید کے نام سرفہرست ہیں۔ ان کے سفرناموں میں ارض پاک سے دیار فرنگ تک، ترکی میں دو سال، دیار حبیب میں چند روز اور لندن کی ڈائری کے نام شامل ہیں۔ وہ لاہور میں سمن آباد کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔