جون ایلیا
٭14 دسمبر 1931ء اردو کے ممتاز شاعر جون ایلیا کی تاریخ پیدائش ہے۔
جون ایلیا کا اصل نام سید جون اصغر تھا اور وہ امروہہ میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والد علامہ شفیق حسن ایلیا اردو، فارسی، عربی اور عبرانی زبان کے عالم تھے جبکہ اردو کے نامور دانشور سید محمد تقی اور اردو کے معروف شاعر رئیس امروہوی ان کے بڑے بھائی تھے۔ جون ایلیا خود بھی اردو، فارسی، عربی اور عبرانی زبانیں جانتے تھے۔ ان کی مطبوعہ نثری کتب میں حسن بن صباح اور جوہر صقلی کے نام شامل ہیں جبکہ ان کے شعری مجموعے شاید، یعنی، لیکن، گمان اور گویا کے نام سے اشاعت پذیر ہوچکے ہیں۔ حکومت پاکستان نے ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر 2000ء میں انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا۔جون ایلیا 8 نومبر 2002ء کو کراچی میں وفات پاگئے۔وہ کراچی میں سخی حسن کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔
جون ایلیا کے چند اشعار ملاحظہ ہوں:
حاصل کن ہے یہ جہان خراب
یہی ممکن تھا اتنی عجلت میں
……٭٭٭……
یہ مجھے چین کیوں نہیں پڑتا
ایک ہی شخص تھا جہان میں کیا
……٭٭٭……
کون اس گھر کی دیکھ بھال کرے
روز اک چیز ٹوٹ جاتی ہے
……٭٭٭……
جو گزاری نہ جاسکی ہم سے
ہم نے وہ زندگی گزاری ہے