زبیر عرف جھارا پہلوان
٭10 ستمبر 1991ء کو پاکستان کے مشہور پہلوان محمد زبیر عرف جھارا پہلوان لاہور میں وفات پاگئے۔
جھارا پہلوان 1960ء میں پاکستان کے مشہور پہلوانوں کے خانوادے میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ اسلم پہلوان کے بیٹے، بھولو پہلوان کے بھتیجے، امام بخش پہلوان کے پوتے اور گاما کلو والا پہلوان کے نواسے تھے۔ جھارا پہلوان کا پہلا مقابلہ 27 جنوری 1978ء کو گوگا پہلوان گوجرانوالیہ سے ہوا جس میں جھارا فتح یاب ہوئے۔ 17 جون 1979ء کو اس نے جاپان کے مشہور پہلوان انوکی کے ساتھ مقابلہ کیا۔ اس کشتی میں پانچ رائونڈز کے بعد انوکی نے جھارا پہلوان کے ہاتھ کو اوپر اٹھاکر اسے فاتح قرار دے دیا تھا۔
جھارا پہلوان نے اپنی زندگی میں 60 کے لگ بھگ کشتیاں لڑیں اور وہ ہر مقابلے میں فتح یاب ہوئے۔ انہیں فخر پاکستان اور رستم پاکستان کے خطابات بھی عطا ہوئے۔
جھارا پہلوان کو ان کے حریف جب اکھاڑے میں زیر نہیں کرسکے تو انہوں نے اسے منشیات کے راستے پر لگادیا جس کے باعث وہ صرف 31 برس کی عمر میں اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔وہ موہنی روڈ لاہور میں بھولو پہلوان کے اکھاڑے میں آسودۂ خاک ہیں۔