استاد عبدالقادر پیارنگ
٭8 جنوری 1979ء کو ممتاز موسیقار استاد عبدالقادر پیارنگ راولپنڈی میں وفات پاگئے۔
استاد عبدالقادر پیارنگ کا تعلق موسیقی کے کسی گھرانے سے نہیں تھا۔ انہوں نے یہ فن فقط شوق میں سیکھا تھا اور پھر اس میں ایسی دسترس حاصل کی کہ خود انہیں استاد کا درجہ حاصل ہوا۔
استاد عبدالقادر پیارنگ 1906ء میں پنجاب کے ضلع فیروز پور میں یوگے والا نامی گائوں میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے خاندان کے تمام افراد، ان کے بچپن ہی میں کسی وبا میں فوت ہوگئے تھے اس لئے ان کی زندگی بڑی کسمپرسی میں بسر ہوئی۔ وہ شہروں شہروں خاک چھانتے رہے، اسی دوران 1924ء میں انہوں نے مدراس میں استاد حافظ ولایت علی خان کی شاگردی اختیار کی اور موسیقی کے اسرار و رموز سیکھے۔ پھر وہ بمبئی چلے گئے جہاں انہیں آل انڈیا ریڈیو اور فلموں میں موسیقی دینے کا موقع ملا۔ قیام پاکستان کے بعد وہ پہلے حیدرآباد اور پھر کراچی میں اقامت پذیر ہوئے۔ اسی شہر میں انہیں دینا لیلیٰ اور رونا لیلیٰ کو موسیقی کی تربیت دینے کا موقع ملا۔
1965ء میں وہ کراچی سے راولپنڈی منتقل ہوئے جہاں انہوں نے ایک میوزک اسکول قائم کیا۔اس میوزک اسکول میں ان سے اکتساب کرنے والوں میں استاد محفوظ کھوکھر کا نام بہت نمایاں ہے۔
استاد عبدالقادر پیارنگ کے قدر دانوں میں ملکہ موسیقی روشن آراء بیگم بھی شامل تھیں۔ انہوں نے 8جنوری 1979ء کو وفات پائی اور طارق آباد (لال کرتی)راولپنڈی کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہوئے۔