مینا شوری
٭2 ستمبر 1987ء کو پاکستان کی مشہور فلمی اداکارہ مینا شوری کا لاہور میں انتقال ہوگیا۔
مینا شوری کا اصل نام خورشید جہاں تھا اور وہ 1920ء میں رائے ونڈ لاہور میں پیدا ہوئی تھیں۔ ان کے فلمی کیریئر کا آغاز بمبئی میں سہراب مودی کی فلم سکندر سے ہوا۔ اس فلم کی کامیابی کے بعد فلمی صنعت کے دروازے مینا شوری کے لئے کھل گئے۔اس زمانے میں بننے والی ان کی دیگر فلموں میں پھر ملیں گے، پتھروں کا سوداگر، شہر سے دور، پت جھڑ، چمن اور ایک تھی لڑکی کے نام شامل ہیں۔ ایک تھی لڑکی میں ان پر فلمائے ہوئے ایک نغمے کے بول کی وجہ سے ان کا نام لارا لپا گرل پڑ گیا۔ قیام پاکستان کے بعد انہوں نے پہلے کراچی اور پھر لاہور میں سکونت اختیار کی۔ پاکستان میں ان کی مشہور فلموں میں مس 56، سرفروش، بڑا آدمی، ستاروں کی دنیا، جمالو، مرزا جٹ اور میرا گھر میری جنت کے نام سرفہرست ہیں۔ انہوں نے مجموعی طور پر 83 فلموں میں کام کیا جن میں 29 فلمیں بھارت میں اور 54 فلمیں پاکستان میں فلمائی گئی۔ مینا شوری نے پانچ شادیاں کیں مگر اولاد کی نعمت سے محروم رہیں۔ وہ لاہور میں میانی صاحب کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں