عابد علی
فلم اور ٹیلی وژن کے معروف اداکاراور ہدایت کار عابد علی 17 مارچ 1952 کو کوئٹہ میں پیدا ہوئے۔ زمانہ طالب علمی میں لکھنے لکھانے اور مصوری کی جانب مائل تھے۔ 1969۔ 1968 کے لگ بھگ عطا شاد نے ان کی آواز سے متاثر ہوکرانھیں ریڈیو ڈراموں میں صداکاری کا مشورہ دیا جس نے ان کی زندگی بدل ڈالی۔ 1973ء میں وہ لاہور منتقل ہوگئے جہاں انھوں نے پاکستان ٹیلی وژن کے مختلف ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور بہت جلد مقبول اداکاروں میں شمار ہونے لگے۔
عابد علی کے معروف ٹیلی وژن سیریلز اور سیریز میں جھوک سیال، وارث، سورج کے ساتھ ساتھ، غلام گردش، سمندر، دوسرا آسمان، دشت ، ماسی اور ملکہ اور دیارِ دل اور فلموں میں خاک اور خون، موسیٰ خان، لیلیٰ، صاحبہ، بیتاب، فاتح، نگینہ، آواز ، وارث اور سخی بادشاہ کے نام سرفہرست ہیں۔ دو ٹی وی سیریلزسہیلی اور ماسی اور ملکہ پروڈیوس اور ڈائرکٹ بھی کرچکے ہیں۔ لاتعداد اعزازات حاصل کرچکے ہیں جن میں 14 اگست 1985ء کو حکومت پاکستان کی جانب سے ملنے والا صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سرفہرست ہے۔