Ahmad Parvez
صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی۔ احمد پرویز

 احمد پرویز

پاکستان کے نامور مصور احمد پرویز 7جولائی 1926ء کو راولپنڈی میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے اپنی تعلیم سینٹ جوزف کالج، بارہ مولا اور گورڈن کالج راولپنڈی میں حاصل کی۔ 1952ء میں ان کی مصوری کی پہلی نمائش پنجاب یونیورسٹی لاہور کے فائن آرٹس ڈپارٹمنٹ میں منعقد ہوئی جسے اہل فن نے بے حد سراہا۔ 1955ء سے 1964ء تک کا عرصہ انہوں نے لندن میں اور پھر 1966ء سے 1969ء تک کا عرصہ نیویارک میں بسر کیا۔
احمد پرویز تجریدی مصوری میں ایک علیحدہ اور منفرد اسلوب کے مالک تھے۔ زندگی کے آخری دورمیں انہوں نے اپنے لئے گلدان اور پھول کے موضوع کا انتخاب کیا تھا اور اس موضوع پر لاتعداد تصویریں بنائی تھیں۔ تیز اور شوخ رنگ ان کی مصوری کی ایک خاص شناخت تھے اور شاید ان کی ذات کا اظہار بھی۔
14اگست 1978ء کو حکومت پاکستان نے احمد پرویز کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا۔ انہوں نے 5 اکتوبر 1979ء کو صرف 53 برس کی عمر میں کراچی میں وفات پائی۔ وہ سوسائٹی کے قبرستان میں آسودہ خاک ہیں۔

UP