1965-08-14
2381 Views
صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی۔ استاد محمد شریف خان پونچھ والے
استاد محمد شریف خان پونچھ والے
پاکستان کے نامور ستار نواز استاد محمد شریف خان، 1926ء میں ضلع حصار میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والد استاد رحیم بخش مہاراجہ پونچھ کے موسیقی کے استاد تھے۔ ان کی زندگی کا ابتدائی زمانہ پونچھ میں گزرا اس لئے پونچھ سے ان کی نسبت ان کے نام کا حصہ بن گئی۔
استاد محمد شریف خان کو ابتدا ہی سے ستار بجانے کا شوق تھا۔ ان کے والد اور اساتذہ نے بھی انہیں موسیقی کی تعلیم دینے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی۔ وہ ستار کے علاوہ وچتروینا بھی کمال مہارت پختگی کے ساتھ بجاتے تھے۔ انہوں نے کئی راگ بھی ایجاد کئے تھے۔ اسی باعث انہیں ’’استاد‘‘ کا مرتبہ حاصل تھا۔ 14 اگست 1965ء کو حکومت پاکستان نے انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا۔
استاد محمد شریف خان پونچھ والے 26 مئی 1980ء کو لاہور میںوفات پاگئے۔ وہ میانی صاحب کے قبرستان میں آسودہ خاک ہیں۔