Sufi Ghulam Mustafa Tabassum
صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی۔ صوفی غلام مصطفی تبسم

 صوفی غلام مصطفی تبسم

اردو، فارسی اور پنجابی کے نامور شاعر، ادیب، نقاد اور عالم صوفی غلام مصطفی تبسم 4 اگست 1899ء کو امرتسر میں پیدا ہوئے تھے۔ امرتسر اور لاہور سے اعلیٰ تعلیم کے حصول کے بعد وہ لاہور کے تعلیمی اداروں سے بطور استاد وابستہ رہے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد خانہ فرہنگ ایران کے ڈائریکٹر، ہفت روزہ لیل و نہار کے مدیر اور کئی دیگر اداروں میں اعلیٰ عہدوں سے منسلک رہے۔
صوفی تبسم اپنی ذات میں ایک انجمن تھے، شاعر، استاد، شارح، مترجم، نقاد اور ادیب ان کی شخصیت کی مختلف جہتیں تھیں، پہلے اصغر پھر تبسم تخلص کیا۔ ان کی اردو اور فارسی شاعری کے کئی مجموعے شائع ہوئے۔ انہوں نے بچوں کی شاعری کے حوالے سے بے پناہ مقبولیت حاصل کی۔ ان کا تخلیق کردہ کردار ٹوٹ بٹوٹ انہیں بچوں کے ادب میں ہمیشہ زندہ رکھے گا۔
حکومت پاکستان نے 23 مارچ 1962ء کو انھیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی دینے کا اعلان کیا تھا۔  اس کے علاوہ انہیں حکومت ایران نے نشان سپاس اور حکومت پاکستان نے ستارہ امتیاز عطا کیا تھا۔صوفی غلام مصطفی تبسم 7فروری 1978ء کولاہور میں وفات پاگئے اور میانی صاحب کے قبرستان میں آسودہ خاک ہوئے۔
 

UP