Death of Dr. I. H. Usmani
ڈاکٹر آئی ایچ عثمانی کی وفات

ڈاکٹر آئی ایچ عثمانی

٭ پاکستان کے نامور سائنسدان ڈاکٹر آئی ایچ عثمانی کا پورا نام عشرت حسین عثمانی تھا اور وہ 15 اپریل 1917ء کو پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے بمبئی یونیورسٹی سے بی ایس سی آنرز، مسلم یونیورسٹی علی گڑھ سے ایم ایس سی اور لندن یونیورسٹی سے مشہور نوبیل انعام یافتہ سائنسدان جی پی ٹامسن کی نگرانی میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ 1942ء میں وطن واپسی کے بعد وہ انڈین سول سروس میں شامل ہوگئے۔ قیام پاکستان کے بعد انہوں نے پاکستان کی سول سروس میں مختلف اعلیٰ عہدوں پر خدمات انجام دیں جن میں سب سے اہم عہدہ 1960ء سے 1972ء تک پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی چیئرمین شپ تھا۔ ان کے دور میں نیلور میں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف نیوکلیئر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی بنیاد رکھی گئی اور کراچی میں کینپ کا نیوکلیئر پاور پلانٹ نصب کیا گیا۔ 1972ء میں وہ وزارت سائنس اور ٹیکنالوجی کے سیکریٹری مقرر ہوئے۔ یہ وزارت انہیں کی تجویز پر قائم کی گئی تھی۔حکومت پاکستان نے ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر انہیں ستارۂ پاکستان اور نشان امتیاز کے اعزازات عطا کئے تھے۔
٭17جون 1992ء کو پاکستان کے نامور سائنسدان ڈاکٹر آئی ایچ عثمانی اسلام آباد میں وفات پاگئے۔ وہ کراچی میں ڈیفنس سوسائٹی کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔

UP