میر سلطان خان
23 اپریل 1966ء کو شطرنج کے عالمی چیمپین میر سلطان خان‘ سرگودھا میں انتقال کرگئے۔
میر سلطان خان 1905ء میں مٹھاٹوانہ ضلع سرگودھا میں پیدا ہوئے تھے۔ شطرنج میں ان کی مہارت دیکھتے ہوئے ملک عمر حیات خان ٹوانہ انہیں 1929ء میں اپنے ہمراہ انگلستان لے گئے تھے جہاں 1930ء‘ 1931ء اور 1933ء میں انہوں نے برٹش اوپن چیس چیمپین شپ جیتی۔ وہ کئی برس انگلستان میں مقیم رہے اس دوران انہوں نے یورپ کے شطرنج کے کھلاڑیوں کو مقابلے کی دعوت دی مگر کوئی انہیں شکست نہ دے سکا۔
اس زمانے میں شطرنج کے عالمی چیمپین کے لیے گرینڈ ماسٹر کی اصطلاح رائج نہیں تھی۔ ایک تجزیہ نگار اسماعیل سلون نے حال ہی میں اپنے ایک تجزیے میں تحریر کیا ہے کہ عہد جدید کی پوائنٹ ریٹنگ کے حساب سے میر سلطان خان کی پوائنٹ ریٹنگ 2550 ہوئی۔ اس اعتبار سے انہیں ایشیا کا اولین گرینڈ ماسٹر بھی قرار دیا جاسکتا ہے۔
قیام پاکستان کے بعد میر سلطان خان نے تمام عمر گوشہ گمنامی میں بسر کی۔ تاہم اس دور میں بھی شطرنج کے بڑے بڑے کھلاڑی ان کے ساتھ کھیلنے سے کتراتے تھے۔
23 اپریل 1966ء کو میر سلطان خان کا انتقال ہوگیا۔ انہیں مٹھاٹوانہ میں سپردخاک کیا گیا۔