99 runs of Maqsood Ahmad
مقصود احمد کے 99 رنز اورمیران بخش کا منفرد اعزاز

مقصود احمد اورمیران بخش

٭یہ 29 جنوری 1955ء کا واقعہ ہے۔لاہور میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ میچ جاری تھا۔ ایسے میں جب پاکستان کے کھلاڑی مقصود احمد کا انفرادی اسکور 99 رنز پر پہنچا تو انہیں گپتے کی گیند پر تھمانے نے اسٹمپڈ کردیا۔ مقصود احمد کے آئوٹ ہونے کی خبر سن کر نواب شاہ میں ایک شخص دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگیا۔جبکہ ملک کے کئی حصوں سے کئی افراد کے بے ہوش ہونے کی خبریں بھی موصول ہوئیں۔
مقصود احمد ٹیسٹ کرکٹ میں 99 رنز کے اسکور پر آئوٹ ہونے والے پاکستان کے پہلے کھلاڑی تھے۔وہ اس کے بعد بھی کبھی سنچری اسکور نہیں کرسکے۔ وہ دنیا کے ان 9 کھلاڑیوں میں شامل ہیں جن کا ٹیسٹ کرکٹ میں زیادہ سے زیادہ انفرادی اسکور 99 رنز ہے۔ ان کھلاڑیوں میں پاکستان کے عاصم کمال بھی شامل ہیں۔
اسی ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی ٹیم میں ایک نیا کھلاڑی میران بخش بھی شامل تھا۔ جس کی عمراس ٹیسٹ میچ کے آغاز کے وقت 47 سال 284 دن تھی یوں میران بخش کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہوا کہ انہوں نے پاکستان میں سب سے زیادہ عمر میں اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا۔اس پہلے ٹیسٹ میں میران بخش نے 86 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں اور ایک رن بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔
 

UP