ملکہ پکھراج
٭4 فروری 2004ء کو پاکستان کی مشہور مغنیہ ملکہ پکھراج لاہور میں وفات پاگئیں اور شاہ جمال کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہوئیں۔
ملکہ پکھراج کا اصل نام حمیدہ تھا اور وہ 1910ء میں ہمیر پور سدھڑ نزد اکھنور (جموں) میں پیدا ہوئی تھیں۔ وہ پہاڑی راگوں کو کمال خوبی سے گاتی تھیں اور ان کی یہی خوبی ان کو دیگر گلوکاروں سے ممتاز بناتی تھی۔ ملکہ پکھراج اردو اور فارسی زبانوں پر عبور اور ادب کا اعلیٰ ذوق رکھتی تھیں۔ حفیظ جالندھری کا مشہور گیت ابھی تو میں جوان ہوں اور عدم کی غزل وہ باتیں تیری فسانے تیرے ان کی شناخت سمجھے جاتے تھے۔
ملکہ پکھراج کے شوہر سید شبیر حسین شاہ اعلیٰ تعلیم یافتہ سرکاری افسر تھے اور اردو کے مشہور ناول جھوک سیال کے خالق تھے۔ پاکستان کی مشہور گلوکارہ طاہرہ سید ان کی صاحبزادی ہیں۔ حکومت پاکستان انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا۔ ملکہ پکھراج کی سوانح عمری Song Sung True کے نام سے شائع ہوئی تھی جسے سلیم قدوائی نے اردو سے انگریزی میں منتقل کیا تھا۔