Bushra Ansari
صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی۔ بشریٰ انصاری

بشریٰ انصاری

ٹیلی وژن کی نامور اداکارہ بشریٰ انصاری 15 مئی 1954ء کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ وہ معروف  صحافی، دانشور اور فلم ڈائریکٹر احمد بشیر کی صاحبزادی ہیں۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم لاہور کے لیڈی گریفن اسکول میں حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے لاہور کالج فور ویمن یونیورسٹی اور بعد میں راولپنڈی کے وقارالنساء کالج سے 1977ء میں بی اے کی سند حاصل کی۔ تاہم اس پورے عرصے میں بشریٰ نے موسیقی کا ساتھ نہ چھوڑا اور انہوں نے اس کی باقاعدہ تربیت بھی حاصل کی۔ انہوں  نے نو سال کی عمر سے ہی ٹی وی کے مختلف موسیقی کے پروگراموں میں حصہ لیا اور بچوں کے موسیقی کے پروگرام کلیوں کی مالا میں کئی گانے گائے۔
بشریٰ انصاری نے متعدد ڈرامہ سیریلز ، انفرادی ڈراموں اور اسٹیج پروگراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے جن میں آنگن ٹیڑھا، شو ٹائم، شوشا، رنگ ترنگ اور ایمرجنسی وارڈ کے نام سر فہرست ہیں۔ انھوں نے لاتعداد اعززات اور ایوارڈز بھی حاصل کیے جن میں 14 اگست 1989ء کو عطا ہونے والا  صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سر فہرست ہے۔
 

UP