Abdul Majeed Dehlvi
صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی۔ عبدالمجید دہلوی

عبدالمجید دہلوی

پاکستان کے نامور خطاط عبدالمجید دہلوی 1925ء میں فیض آباد (یوپی) میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ دہلوی طرز نستعلیق کے عظیم خطاط محمد یوسف دہلوی کے قابل ترین شاگرد تھے اور خود بھی استاد کے درجے پر فائز تھے۔
وہ خط نسخ، خط ثلث، خط کوفی، خط گلزار اور خط غبار تمام خطوط پر عبور رکھتے تھے مگر ان کی پہچان ان کا مخصوص خط نستعلیق ہی تھا۔ ان کا ہر شہ پارہ نہ صرف خطاطی کا شاہکار ہوتا بلکہ مصوری کی خوبیوں کا حامل بھی ہوتا تھا۔ ان کے خطاطی کے نمونوں میں روزنامہ جنگ کی لوح، قائداعظم اور دیگر اکابر تحریک پاکستان کے مزارات کی خطاطی اور کرنسی نوٹوں اور سکوں پر خطاطی کے علاوہ ہمدرد فائونڈیشن کی متعدد مصنوعات کے لیبل شامل ہیں۔
آپ کی خطاطی کا ایک مختصر مجموعہ A Teasure of Quranic Calligraphyکے نام سے اشاعت پذیر ہوچکا ہے۔ اس کے علاوہ بھی آپ نے فن خطاطی کی تاریخ اور نوادر پر ایک کتاب تحریر کی تھی مگر وہ ابھی تک تشنہ طباعت ہے۔ عبدالمجید دہلوی کو حکومت پاکستان نے14 اگست 1987کو  صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی کا اعزاز عطا کیا تھا۔
عبدالمجید دہلوی17 فروری 1994ء کو کراچی میں وفات پاگئے۔

UP