1985-08-14
1793 Views
صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی۔ غلام رسول
غلام رسول
پاکستان کے نامور مصور غلام رسول 20 نومبر 1942ء کو جالندھر میں پیدا ہوئے تھے۔ 1964ء میں انہوں نے پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ فنون لطیفہ سے ایم اے کیا اور پھر اسی شعبے میں تدریس کے فرائض انجام دینے لگے۔ 1972ء میں انہوں نے انی نوائس یونیورسٹی امریکا سے فائن آرٹس میں دوسرا ایم اے کیا۔ 1974ء میں انہوں نے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس سے وابستگی اختیار کی اور اس کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے تک پہنچے۔
غلام رسول، لینڈ اسکیپ مصوری میں اختصاص رکھتے تھے۔ پنجاب کی دیہی زندگی ان کا خاص موضوع تھا۔ وہ دیہات کے ماحول اور حسن کو جس مہارت سے کینوس پر منتقل کرتے تھے وہ دیکھنے والوں کو بے حد متاثر کرتا تھا۔ حکومت پاکستان نے 14 اگست 1985ء کو انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے سرفراز کیا تھا۔
غلام رسول کا انتقال 3 دسمبر 2009ء کو اسلام آباد میں ہوا۔