عابدہ پروین
پاکستان کی نامور لوک گلوکارہ عابدہ پروین 1954 میں لاڑکانہ میں پیدا ہوئیں۔ ان کے و الد موسیقی کا ایک اسکول چلاتے تھے۔ عابدہ پروین نے بھی موسیقی کی ابتدائی تربیت اسی اسکول سے حاصل کی۔ جلد ہی انھوں نے ریڈیو پر اپنی آواز کا جادو جگانا شروع کردیا۔ ریڈیو ہی پر ان کی ملاقات پروگرام پروڈیوسر غلام حسین شیخ سے ہوئی جنھوں نے ان کی آواز کو نکھارنے میں بہت اہم کردار ادا کیا۔ عابدہ پروین نے کلاسیکی موسیقار استاد سلامت علی خان سے موسیقی کی باقاعدہ تربیت بھی حاصل کی۔ اب تک عابدہ پروین کے سو سے زیادہ البم ریلیز ہوچکے ہیں۔
عابدہ پروین دنیا کے بیشتر ممالک میں اپنے فن کا جادو جگا چکی ہیں اور لاتعداد اعزازات بھی حاصل کرچکی ہیں۔ جن میں حکومت پاکستان کی جانب سے 14 اگست 1984ء کو ملنے والے صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی اور 14 اگست 2005ء کو ملنے والے ستارہ امتیاز کے اعزازات سرفہرست ہیں۔