Syed Zameer Jafari
صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی۔ سید ضمیر جعفری

 سید ضمیر جعفری

اردو کے نامور شاعر، ادیب اور مترجم سید ضمیر جعفری کا اصل نام سید ضمیر حسین تھا اور وہ یکم جنوری 1916ء کو چک عبدالخالق ضلع جہلم میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے گورنمنٹ ہائی اسکول جہلم اور اسلامیہ کالج لاہور سے تعلیمی مدارج طے کرنے کے بعد صحافت کے شعبے سے عملی زندگی کا آغاز کیا۔ بعدازاں وہ فوج میں شامل ہوئے اور میجر کے عہدے تک پہنچ کر ریٹائر ہوئے۔
سید ضمیر جعفری اردو کے اہم مزاح گو شعرا میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کے شعری مجموعوں میں کارزار، لہوترنگ، مافی الضمیر، مسدس بے حالی، کھلیان، ضمیریات، قریہ جاں، ضمیر ظرافت اور نشاط تماشا کے نام سرفہرست ہیں۔ اس کے علاوہ ان کی کئی نثری کتب بھی اشاعت پذیر ہوچکی ہیں۔ حکومت پاکستان نے انہیں 14 اگست 1984 ء کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی کا اعزاز عطا کیا تھا۔
سید ضمیر جعفری 12مئی 1999ء کونیویارک میں وفات پاگئے اورکھنیارہ شریف، بچہ مندرہ، ضلع راولپنڈی میں سید محمد شاہ بخاری کے پہلو میں آسودہ خاک ہوئے۔

UP