خمیسو خان
پاکستان کے نامور الغوزہ نواز خمیسو خان 1923ء میں گوٹھ گاجاموری تعلقہ ٹنڈو محمد خان ضلع حیدرآباد میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ کتابی تعلیم تو حاصل نہیں کرسکے مگر انہوں نے اپنے زمانے کے مشہور الغوزہ نواز، استاد سید احمد شاہ سے الغوزہ بجانے کی باقاعدہ تعلیم حاصل کی تھی جس کا مظاہرہ وہ شادی کی محفلوں اور مختلف عوامی مراکز پر کرتے رہتے تھے۔ جلد ہی انہیں ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی وژن پر بھی اپنے فن کے اظہار کا موقع ملنے لگا جس کے باعث انہیں عالم گیر شہرت حاصل ہوئی۔
خمیسو خان کی الغوزہ نوازی میں ایک عجیب طرح کا سوز تھا۔ وہ مختلف راگ راگنیوں پر عبور رکھتے تھے۔ انہیں نہ صرف ملک بھر میں بلکہ افریقہ، چین، امریکا، روس اور کئی دیگر ممالک میں بھی الغوزہ نوازی کا موقع ملا۔ حکومت پاکستان نے ان کے فن کے اعتراف میں انہیں23مارچ 1979ء کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی اور حکومت سندھ نے شاہ لطیف ایوارڈ عطا کیا تھا۔ خمیسو خان نے 8 مارچ 1983ء کو وفات پائی۔