فیض محمد بلوچ
پاکستان کے مشہور لوک فنکار فیض محمد بلوچ 1900ء میں پیدا ہوئے تھے۔ بچپن ہی سے انہیں لوک گائیکی کا شوق تھا، اپنے اس شوق کو جلا بخشنے کے لئے انہوں نے گائیکی کے ساتھ ساتھ سارندہ اور سارنگی بجانے کی تربیت بھی حاصل کی۔
فیض محمد بلوچ کو ذوالفقار علی بخاری نے ریڈیو سے متعارف کروایا اور پھر ٹیلی وژن آنے کے بعد وہ ٹیلی وژن کے بھی مقبول فن کاروں میں شمار ہوئے۔ وہ گلوکار اور موسیقار ہونے کے ساتھ ساتھ ایک خوب صورت شاعر بھی تھے اور اپنی گائیکی کے خوب صورت انداز کی وجہ سے ملک بھر میں پسند کئے جاتے تھے۔ حکومت پاکستان نے 23 مارچ 1979ء کو ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی اور ان کی وفات کے بعد انہیں تمغہ امتیاز عطا کیا تھا۔
فیض محمد بلوچ 6 مئی1980ء کو کوئٹہ میں وفات پاگئے وہ کوئٹہ میں نواکلی کے قبرستان میں آسودہ خاک ہیں۔