اشفاق احمد
اردو اور پنجابی کے نامور ادیب، افسانہ و ڈرامہ نگار، دانشور، براڈ کاسٹر اور صوفی اشفاق احمد22 اگست 1925ء کومکتسر ضلع فیروز پور میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے دیال سنگھ کالج اور اورینٹل کالج لاہور میں تدریس کے فرائض انجام دیئے۔ داستان گو اور لیل و نہار نامی رسالوں کے مدیر رہے اور 1966ء سے 1992ء تک اردو سائنس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل رہے۔ ان کے افسانوی مجموعے ایک محبت سو افسانے، اُجلے پھول، گڈریا، سفر مینا، پھلکاری اور سبحان افسانے کے نام سے شائع ہوئے۔ انہوں نے 41 برس تک ریڈیو کے مشہور ڈرامہ سیریل ’’تلقین شاہ‘‘ کا اسکرپٹ بھی لکھا اور اس میں صداکاری بھی کی۔ اشفاق احمد نے پاکستان ٹیلی وڑن کے لئے متعدد کامیاب ڈرامہ سیریلز تحریر کئے۔ حکومت پاکستان نے انہیں 14 اگست 1979ء کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی اور بعد ازاں ستارہ امتیاز اور ہلال امتیاز عطا کیا تھا۔اشفاق احمد 7ستمبر 2004ء کو لاہور میں وفات پاگئے اور ماڈل ٹائون کے قبرستان میں آسودہ خاک ہوئے۔