سید شمس الحسن
٭7 نومبر 1981ء کو تحریک پاکستان کے ممتاز کارکن سید شمس الحسن وفات پاگئے اور سخی حسن کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہوئے۔
سید شمس الحسن 1892ء میں بریلی میں پیدا ہوئے تھے۔ 1914ء سے 1947ء تک وہ مسلم لیگ کے آفس سیکریٹری رہے۔ اس دوران انہیں مسلم لیگ کے ترجمان ہفت روزہ منشور اور روزنامہ ڈان کے ناشر ہونے کا اعزاز بھی حاصل رہا۔ قائداعظم ان پر بے انتہا اعتماد کرتے تھے اور انہوں نے ایک مرتبہ فرمایا تھا ’’مسلم لیگ کیا ہے، میں، شمس الحسن اور ان کا ٹائپ رائٹر‘‘ قیام پاکستان کے وقت قائداعظم کی ہدایت پر سید شمس الحسن مسلم لیگ کا پورا ریکارڈ اپنے ساتھ لے کر پاکستان آگئے۔ وہ 1948ء سے 1958ء تک پاکستان مسلم لیگ سے بطور اسسٹنٹ سیکریٹری وابستہ رہے۔ ایوب خان کے مارشل لاء کے نفاذ کے ساتھ ہی مسلم لیگ کا پورا ریکارڈ سربمہر کردیا گیا۔ کئی برس بعد سید شمس الحسن کی کوششوں سے ہی یہ ریکارڈ واگزار ہوا مگر اس دوران اس کا ایک بڑا حصہ موسم کی سختیوں کی نذر ہوچکا تھا بعدازاں سید شمس الحسن نے مسلم لیگ کا یہ ریکارڈ 98 جلدوں میں مرتب کیا جو اب شمس الحسن کلیکشن کہلاتا ہے۔ 2007ء میں حکومت پاکستان نے انہیں ستارۂ امتیاز کا اعزاز عطا کیا تھا۔