محمود ہارون
٭6 نومبر 2008ء کو پاکستان کے ممتاز سیاستدان اور صنعت کار محمود ہارون کراچی میں وفات پاگئے۔
محمود ہارون 9 ستمبر 1920ء کو کراچی میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والد سر عبداللہ ہارون تحریک پاکستان کے صف اوّل کے رہنمائوں میں شمار ہوتے ہیں۔ محمود ہارون کو17 برس کی عمر میں قائداعظم کا اے ڈی سی بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔ وہ سندھ مسلم لیگ گارڈ کے سالار اعلیٰ اور آل انڈیا مسلم لیگ نیشنل گارڈ کے ڈپٹی چیف بھی رہے۔ 1942ء میں وہ مسلم لیگ کونسل کے رکن، 1944ء میں کراچی پراونشل مسلم لیگ کے صدر اور 1945ء میں سندھ اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ محمود ہارون 1953ء میں کراچی کے میئر منتخب ہوئے۔ 1968ء میں وہ برطانیہ میں پاکستان کے سفیر مقرر ہوئے۔ صدر یحییٰ خان اور جنرل ضیاء الحق کے دور حکومت میں وہ مرکزی کابینہ میں شامل ہوئے اور 1979ء سے 1984ء تک جنرل ضیاء الحق کی ہر کابینہ میں وزیر داخلہ کے طور پر شامل رہے۔
6 اگست 1990ء سے 18 جولائی 1993ء تک اور پھر 23 جنوری 1994ء سے 22 مئی 1995ء تک وہ سندھ کے گورنر رہے۔ وہ کراچی میں ڈیفنس سوسائٹی کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔