Death of Allama Abdullah Yousaf Ali
علامہ عبداللہ یوسف علی کی وفات

علامہ عبداللہ یوسف علی

٭10 دسمبر 1953ء کو ممتاز عالم‘ ادیب اور قرآن پاک کے انگریزی مترجم اور مفسر علامہ عبداللہ یوسف علی لندن میں  وفات پاگئے۔
علامہ عبداللہ یوسف علی 4 اپریل 1872ء کو سورت میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے بمبئی یونیورسٹی سے بی اے کرنے کے بعد حکومت کے وظیفے پر انگلستان کا سفر اختیار کیا جہاں انہوں نے ایم اے اور ایل ایل ایم کی ڈگریاں حاصل کیں۔ 1906ء میں انہوں نے بیرسٹری کا امتحان پاس کیا اور انڈین سول سروس کے امتحان میں ہندوستان بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ وہ مختلف انتظامی عہدوں پر فائز رہے۔ 1925ء میں وہ اسلامیہ کالج لاہور کے پرنسپل ،پنجاب یونیورسٹی کے فیلو اور سنڈیکیٹ کے رکن منتخب ہوئے۔
علامہ عبداللہ یوسف علی نہایت عمدہ علمی ذوق رکھتے تھے۔ وہ زندگی کے آخری ایام میں اسلامیہ کالج لاہور کے پرنسپل مقرر ہوئے تھے۔ اسی زمانے میں انہوں نے قرآن پاک کا انگریزی میں ترجمہ مکمل کیا اور اس کے عمدہ حواشی لکھے۔ ان کی دیگر تصانیف میں انگریزی عہد میں ہندوستان کے تمدن کی تاریخ ،مصنوعات ریشم، یوگوسلاویہ اور سربیاکا فن سنگ تراشی، ازمنہ وسطیٰ کا ہندوستان، تشکیل ہنداور ہندوستانی مسلمان کے نام سرفہرست ہیں۔
 

UP