Birth of Justice Muhammad Ilyas
جسٹس محمد الیاس کی پیدائش

جسٹس محمد الیاس

گنیز بک آف ریکارڈز نے اپنے 1991ء کے ایڈیشن میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے ایک جج جسٹس محمد الیاس کا نام دنیا کے کم عمر ترین سول جج کی حیثیت سے اپنی کتاب کی زینت بنایا۔
جسٹس محمد الیاس یکم اکتوبر 1931ء کو گجرات کے ایک گائوں چک فاضل میں پیدا ہوئے تھے۔ 1948ء میں انہوں نے زمیندار کالج گجرات سے صرف 18 سال کی عمر میں گریجویشن کیا تھا۔ 1951ء میں ایل ایل بی کے امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے بعد وہ جولائی 1952ء میں پراونشل سروس کمیشن کے اس امتحان میں شریک ہوئے جو سول ججوں کے انتخاب کے لئے منعقد ہوا تھا۔ اس امتحان کے وقت ان کی عمر 20 سال 9 ماہ تھی جبکہ اس امتحان میں شرکت کے لئے امیدواروں کی عمر کی کم سے کم حد 21 سال تھی۔ جسٹس محمد الیاس کو اس امتحان میں شریک ہونے کی اجازت اس شرط کے ساتھ ملی تھی کہ اگر انہوں نے امتحان پاس کرلیا تو بھی وہ 23 برس کی عمر سے پہلے سول جج نہیں بن سکیں گے لیکن جب نوجوان محمد الیاس نے اس امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کی تو اس وقت کے لاہور ہائی کورٹ کے ایڈمنسٹریشن جج، جسٹس ایس اے رحمن نے انہیں اس تعیناتی کے لئے عمر میں رعایت دینے کی پر زور سفارش کی نتیجتاً یہ قواعد نرم کردیئے گئے۔ 23 مارچ 1953ء کو محمد الیاس نے محض ساڑھے 21 سال کی عمر میں سول جج کا عہدہ سنبھال لیا اور یوں وہ دنیا کے کم عمر ترین سول جج بن گئے۔

UP