World Record of Maximum Vote
فیصد تناسب کے لحاظ سے سب سے زیادہ ووٹ

بے نظیر بھٹو اور امیر احمد نواز بگٹی کا عالمی ریکارڈ

گنیز بک آف ریکارڈز کے 1991ء کے ایڈیشن میں پاکستان کی وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹوکے حوالے سے ایک ریکارڈشائع ہوا تھا جس کے مطابق جب وہ 2 دسمبر 1988ء کو پاکستان کی وزیراعظم بنیں تو وہ دنیا کی سب سے کم عمر خاتون وزیراعظم تھیں۔گنیز بک کے 1994ء کے ایڈیشن میں محترمہ بے نظیر بھٹو کے حوالے سے ایک اور ریکارڈ شامل ہوا جس میں بتایا گیا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے 1988ء کے عام انتخابات میں اپنے حلقہ نیابت (این اے 166 لاڑکانہ 3) میں کل ڈالے گئے ووٹوں کے 96.71 فیصد ووٹ حاصل کئے تھے جو دنیا بھر میں کسی بھی عام انتخابات میں فیصد تناسب کے اعتبار سے سب سے زیادہ ووٹ تھے۔ 1994ء میں جب گنیز بک میں محترمہ بے نظیر بھٹو کا یہ ریکارڈ شائع ہوا اس وقت تک خود محترمہ بے نظیر بھٹو 1990ء کے عام انتخابات میں اسی حلقہ نیابت سے 98.48 فیصد ووٹ حاصل کرکے اپنا یہ ریکارڈ بہتر بناچکی تھیں۔ گنیز بک کے مرتبین کی توجہ جب اس جانب دلائی گئی تو انہوں نے اپنے 1996ء کے ایڈیشن میں محترمہ بے نظیر بھٹو کے اس نئے ریکارڈ کو شامل کیا۔ اس سے بھی زیادہ دلچسپ بات یہ تھی کہ ان دونوں انتخابات میں محترمہ بے نظیر بھٹو کے حاصل کردہ ووٹوں کا تناسب میر احمد نواز بگٹی کے ان حاصل کردہ ووٹوں کے تناسب (98.75 فیصد)سے پھر بھی کم تھا جو انہوں نے اپنے حلقہ نیابت میں1985ء کے عام انتخابات میں حاصل کئے تھے۔

UP