پاکستان کی قدیم ترین مسجد
٭23 ستمبر 1962ء کو بھمبھور میں پاکستان کی پہلی مسجد کے آثار کی برآمدگی مکمل ہوئی۔
17 جون 1960ء کو جب ماہرین آثار قدیمہ کی زیر نگرانی‘ کراچی سے 37 میل دور بھنبھور کے مقام پر آثار قدیمہ کی کھدائی کا کام جاری تھا‘ ایک مسجد کے آثار برآمد ہوئے۔ اس مسجد کے ساتھ ہی کچھ کتبے بھی برآمد ہوئے جن پر خط کوفی میں تحریر کی گئی ایک عبارت کے مطابق یہ مسجد 109ھ (مطابق 727 ء) میں تعمیر ہوئی تھی۔
اس تحریر کی برآمدگی کے بعد ماہرین آثار قدیمہ اور ماہرین مذہبیات اس نتیجے پر پہنچے کہ یہ مسجد پاکستان میں تعمیر ہونے والی‘ اولین مسجد تھی اور یہ مسجد محمد بن قاسم کے ساتھیوں نے تعمیر کروائی تھی۔
بھنبھور کے مقام پر برآمد ہونے والی پاکستان کی اس پہلی مسجد کا طول 122 فٹ اور عرض 120 فٹ تھا۔ اس کے چاروں طرف چونے کے پتھر کی اینٹوں کی ایک ٹھوس دیوار تھی جس کی موٹائی 3 تا 4 فٹ تھی۔ مسجد کے صحن کا طول 75 فٹ اور عرض 58 فٹ تھا۔ مغرب کی جانب ایک وسیع دالان تھا جس کی چھت لکڑی کے 33 ستونوں پر قائم تھی۔ اس مسجد کا نقشہ کوفہ اور واسط کی مساجد سے مشابہ تھا اور انہی کا تسلسل لگتا تھا۔