Governor General Khawja Nazim ud Din
خواجہ ناظم الدین گورنر جنرل بنے

خواجہ ناظم الدین

٭14 ستمبر 1948ء کو خواجہ ناظم الدین نے پاکستان کے گورنر جنرل کا منصب سنبھال لیا۔
خواجہ ناظم الدین 19 جولائی 1894ء کو احسن منزل ڈھاکا میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم ایم اے او کالج علی گڑھ سے حاصل کی اور پھر اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے انگلستان تشریف لے گئے۔ 1922ء میں وہ ڈھاکہ میونسپل کمیٹی کے چیئرمین منتخب ہوئے بعدازاں وہ بنگال کی صوبائی کابینہ میں وزیر تعلیم اور وزیر داخلہ کے مناصب پر فائز رہے۔1937ء سے 1947ء تک مسلسل دس برس وہ آل انڈیا مسلم لیگ کی ورکنگ کمیٹی کے رکن بھی رہے۔
1946ء میں انہوں نے جنیوا میں لیگ آف نیشنز کے آخری اجلاس میں شرکت کی اور اسی برس کلکتہ کا پہلا انگریزی روزنامہ اسٹار آف انڈیا جاری کیا۔
وہ قائد اعظم کے بااعتماد ساتھی تھے اسی باعث قیام پاکستان کے بعد قائد اعظم نے انہیں مشرقی بنگال کا وزیر اعلیٰ مقرر کیا تھا۔قائد اعظم کی وفات کے بعد مسلم لیگ نے انہیں بطور گورنر جنرل قائد اعظم کا جانشین منتخب کرلیا۔ وہ اپنے اس عہدے پر 17 اکتوبر 1951ء تک فائز رہے، اس کے بعد وہ پاکستان کے وزیراعظم کے عہدے پر فائز ہوئے اور 17 اپریل 1953ء تک پاکستان کے وزیراعظم رہے۔
خواجہ ناظم الدین کا انتقال 22 اکتوبر 1964ء کو ہوا۔
 

UP