بیگم زیب النسا حمید اللہ
٭10 ستمبر 2000ء کو ممتاز انگریزی شاعرہ، ادیبہ اور صحافی بیگم زیب النسا حمید اللہ کراچی میں وفات پاگئیں۔
بیگم زیب النسا حمید اللہ 25 دسمبر 1921ء کو تیجور کلکتہ میں پیدا ہوئی تھیں۔ انہوں نے اپنی صحافتی زندگی کا آغاز روزنامہ ڈان سے کیا۔ اکتوبر 1951ء میں انہوں نے کراچی سے مشہور انگریزی جریدے مرر کا اجرا کیا جو اپنے گیٹ اپ اور خبروں اور مضامین کی خوب صورت پیشکش کی وجہ سے بہت جلد پاکستان کا ایک مقبول جریدہ بن گیا۔ یہ جریدہ اپریل 1972ء تک جاری رہا۔ اس دوران اسے ایک مرتبہ بندش کا بھی سامنا کرنا پڑا مگر بیگم زیب النسا حمید اللہ نے اس بندش کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیلنج کردیا۔ جہاں فیصلہ ان کے حق میں ہوا اور یوں مرر کی اشاعت دوبارہ بحال ہوگئی۔بیگم زیب النسا حمید اللہ انگریزی کی شاعرہ بھی تھیں ان کے شعری مجموعے The Indian Bouqet، The Lotus Leaves اور The Flute of Memory کے نام سے شائع ہوئے تھے۔بیگم زیب النسا حمید اللہ کراچی میں آسودۂ خاک ہیں۔