شکریہ نیاز علی
٭12 جولائی 1959ء کو لیفٹیننٹ جنرل بختیار رانا نے والٹن (لاہور) کے ایئر پورٹ پر مس شکریہ نیاز علی کو کمرشل پائلٹ کا لائسنس عطا کیا۔ مس شکریہ نیاز علی (جو بعد میں شکریہ خانم کے نام سے معروف ہوئیں)پاکستان میں ہوا بازی کا کمرشل لائسنس حاصل کرنے والی پہلی خاتون تھیں۔
شکریہ خانم پاکستان کی پہلی کمرشل پائلٹ ہی نہیں بلکہ پہلی فلائنگ انسٹرکٹر، پہلی گلائیڈر انسٹرکٹر اور پہلی فلائٹ کریو انسٹرکٹر بھی تھیں۔
1965ء میں انہوں نے پاکستان کی قومی ایئر لائن میں بطور فلائٹ کریو انسٹرکٹر شمولیت اختیار کی اور جہاز اڑانے والے پائلٹ سے گرائونڈ انجینئر تک سبھی کو ٹریننگ دی۔ ان کے تربیت یافتہ پائلٹس میں نہ صرف پاکستان بلکہ نیپال، بنگلہ دیش، بحرین، کویت، سعودی عرب، ایران، عراق، یمن، انگلینڈ، فرانس، امریکا، چین، اردن، صومالیہ، سوڈان اور متحدہ عرب امارات کے پائلٹس بھی شامل ہیں۔