پارلیمنٹ ہائوس
٭28 مئی 1986ء کو وزیراعظم محمد خان جونیجو نے اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہائوس کی پرشکوہ عمارت کا افتتاح کیا۔
پارلیمنٹ ہائوس کی عمارت کا ڈیزائن امریکہ کے ممتاز آرکیٹیکٹ ایڈورڈ ڈیورل اسٹون نے تیار کیا تھا جو اس سے پہلے پاکستان کی کئی اور اہم عمارتوں کے ڈیزائن تیار کرچکے تھے۔ ان عمارتوں میں واپڈا ہائوس لاہور، پی این ایس سی بلڈنگ کراچی اور ایوان صدر اسلام آباد کے نام سرفہرست ہیں۔
پارلیمنٹ ہائوس کی یہ خوبصورت عمارت اسلام آباد میں شاہراہ دستور پر واقع ہے۔ اس عمارت میں قومی اسمبلی اور سینیٹ، دونوں کے اجلاس منعقد ہونے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ اس عمارت میں 370 ارکان اور تقریباً 500 مہمانوں کے بیٹھنے کی جگہ موجود ہے۔ یہ ایک مستطیل نما عمارت ہے جو اسلامی فن تعمیر کی ایک بنیادی شکل ہے۔
پارلیمنٹ ہائوس کا سنگ بنیاد 14 اگست 1974ء کو پاکستان کے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے رکھا تھا۔ اس کی تعمیر تقریباً بارہ برس میں مکمل ہوئی اور 28 مئی 1986ء کو اس کے افتتاح کا اعزاز ایک اور وزیراعظم محمد خان جونیجو کے حصے میں آیا۔