Death of Sharif Nayyar, Film Director
شریف نیرّ کی وفات

شریف نیرّ

٭ پاکستان کے سینئر فلمی ہدایت کار شریف نیرّ ّ 19 اگست 1922ء کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے گریجویشن تک تعلیم حاصل کی اور ہدایت کار نذیر کے معاون کی حیثیت سے فلم لیلیٰ مجنوں سے اپنی فلمی کیریئر کا آغاز کیا۔ اس فلم میں لیلیٰ کا کردار سورن لتا نے اور مجنوں کا کردار نذیر نے ادا کیا تھا۔ بحیثیت ہدایت کار،شریف نیرّ کی پہلی فلم یادگار تھی۔ اس فلم میں بھی اداکار نذیر نے ہیرو کا کردار ادا کیا تھا جبکہ اس کی ہیروئن اداکار جیوتی تھی۔
قیام پاکستان کے بعد شریف نیرّ لاہور آگئے جہاں انہوں نے نذیر کے ساتھ اپنی وابستگی برقرار رکھتے ہوئے 1952ء میں ان کی فلم بھیگی پلکیں سے اپنے پاکستانی کیریئر کا آغاز کیا۔ اس کے بعد انہوں نے لاتعداد فلموں کی ہدایات دیں جن میں محفل، معصوم، عشق پر زور نہیں، نائلہ، لاڈو، ناز، دوستی، ایک تھی لڑکی، شیریں فرہاد اور جھومر چور کے نام سرفہرست تھے۔
شریف نیرّ کی یادگار فلموں میں نائلہ اور دوستی کے نام سرفہرست ہیں۔  1965ء میں ریلیز ہونے والی ان کی فلم نائلہ نے بہترین اردو فلم اور بہترین ہدایت کار سمیت 8 نگار ایوارڈز حاصل کئے جبکہ 1971ء میں ریلیز ہونے والی فلم دوستی نے بھی بہترین اردو فلم اور بہترین ہدایت کار سمیت 8 نگار ایوارڈز حاصل کئے۔
شریف نیرّ نے بھارتی فلموں کی معروف رقاصہ ککو کی بہن سے شادی کی تھی۔ پاکستان کے مشہور فلم ساز اور ہدایت کا اعجاز درانی ان کے داماد تھے۔
24 اپریل 2007ء کو ہدایت کار شریف نیرّ لاہور میں وفات پاگئے۔وہ لاہور میں گارڈن ٹائون کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔

UP