پروفیسر خواجہ مسعود
پاکستان کے نامور ماہر تعلیم پروفیسر خواجہ مسعود 1922ء میں کیمبل پور(موجودہ نام: اٹک) میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے اسکاچ مشن اسکول، ڈسکہ سے ابتدائی تعلیم حاصل کی، مرے کالج سیالکوٹ سے گریجویشن اور گورنمنٹ کالج لاہور سے ریاضی میں ماسٹرز کیا، 1944ء میں وہ گورڈن کالج راولپنڈی سے بطور لیکچرار وابستہ ہوئے اور اسی کالج سے 1982ء میں بطور پرنسپل ریٹائر ہوئے۔
پروفیسر خواجہ مسعود، ریاضی کے استاد تھے تاہم ان کی دلچسپی کے میدان فلسفہ اور سماجی علوم تھے۔ان کا شمار بائیں بازو کے اہم اہل قلم میں ہوتا تھا۔ انہوں نے انجمن ترقی پسند مصنّفین راولپنڈی کو منظم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔ ریٹائرمنٹ کے بعد ان کی تحریریں مختلف اخبارات کی زینت بنتی رہیں جن میں ڈان، دی نیوز اور ویو پوائنٹ کے نام سرفہرست ہیں۔پروفیسر خواجہ مسعود 16 جنوری 2010ء کو اسلام آباد میں وفات پاگئے اور اسلام آباد کے مرکزی قبرستان میں آسودہ خاک ہوئے۔
حکومت پاکستان نے انہیں 14 اگست 2005ء کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا۔






