1907-08-15
7215 Views
حافظ محمد صدیق الماس رقم کی پیدائش
حافظ محمد صدیق الماس رقم
٭ پاکستان کے نامور خطاط حافظ محمد صدیق الماس رقم 15 اگست 1907ء کو جامکے چیمہ، گوجرانوالہ میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے فن خطاطی کی تعلیم حکیم محمد عالم گھڑیالوی سے حاصل کی اور بہت جلد خود بھی نامور خطاطوں میں شمار ہونے لگے۔
1934ء میں انہوں نے علامہ اقبال کی کتاب زبورعجم کی خطاطی کی جس کے بعد مولانا ظفر علی خان نے ان سے اپنی کئی کتابوں کی خطاطی بھی کروائی اورانہیں خطاط العصر کا خطاب عطا کیا۔ حافظ محمد صدیق الماس رقم کو زبورعجم کے علاوہ جن مشہور کتابوں کی خطاطی کا اعزاز حاصل ہوا ان میں علامہ عنایت اللہ مشرقی تذکرہ اور حفیظ جالندھری کا شاہنامہ اسلام شامل تھے۔
30 مارچ 1972ء کو حافظ محمد صدیق الماس رقم انتقال کرگئے۔
حافظ محمد صدیق الماس رقم لاہور میں حضرت طاہر بندگی کے مزار کے احاطے میں آسودۂ خاک ہیں۔