محمد علی بوگرا
٭23 جنوری 1963ء کو پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور اس وقت کے وزیر خارجہ جناب محمد علی بوگرا ڈھاکا میں وفات پاگئے۔
محمد علی بوگرا 10 اکتوبر 1909ء کو بوگرا کے مقام پر پیدا ہوئے تھے۔ 1937ء میں وہ بنگال کی مجلس قانون ساز کے رکن منتخب ہوئے۔ قیام پاکستان کے بعد وہ پاکستان کی وزارت خارجہ میں شامل ہوگئے اور برما‘ کینیڈا اور امریکا میں پاکستان کے سفیر بنائے گئے۔ 17 اپریل 1953ء کو خواجہ ناظم الدین کی برطرفی کے بعد غلام محمد نے انہیں پاکستان کا وزیر اعظم بنا دیا۔ وزیر اعظم بننے کے بعد وہ مجلس دستور ساز کے رکن منتخب ہوئے۔ اکتوبر 1954ء میں جب غلام محمد نے دستور ساز اسمبلی توڑی تو انہیں دوبارہ وزیر اعظم بنایا گیا یوں 24 اکتوبر 1954ء سے 7 جولائی 1955ء تک محمد علی بوگرا ایک ایسی حکومت کے سربراہ رہے جس کی اپنی کوئی اسمبلی نہیں تھی۔ 11 اگست 1955ء کو وہ وزارت عظمیٰ سے مستعفی ہوگئے اور دوبارہ امریکا میں سفیر مقرر کردیے گئے۔ 1962ء میں وہ بوگرا کے حلقے سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور صدر ایوب خان کی کابینہ میں وزیر خارجہ کے طور پر شامل ہوئے۔ انتقال کے وقت وہ اسی منصب پر فائز تھے۔