Syed Anwar Hussain Nafees ul Hussaini Nafees Raqam
صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی۔ سیدانور حسین نفیس الحسینی نفیس رقم

سیدانور حسین نفیس الحسینی نفیس رقم

پاکستان کے نامور خطاط، عالم دین اور معروف روحانی شخصیت سید نفیس الحسینی کا اصل نام سید انور حسین تھا اور وہ  11 مارچ 1933ء کو ضلع سیالکوٹ موضع گھوڑیالہ میں پیدا ہوئے تھے۔ آپ نے اپنے والد سید محمد اشرف علی سید القلم اور حکیم سید نیک عالم سے خطاطی کے رموز سیکھے۔ 1951ء میں آپ مستقلاً لاہور منتقل ہوگئے اور بہت جلد عالم اسلام کے نامور خطاطوں میں شمار ہونے لگے۔آپ نے خط نستعلیق میں خط نفیسی کے نام سے ایک خط بھی ایجاد کیا تھا۔ آپ کو خانہ کعبہ، مینار پاکستان، اسلامک سمٹ مینار، عجائب گھر لاہور اور ایوان اقبال میں خطاطی کا موقع ملا۔ آپ نستعلیق کے علاوہ ثلث، نسخ، دیوانی، رقعہ، اعجاز اور کوفی خطوط پر یکساں عبور رکھتے تھے۔ علامہ سید نفیس الحسینی ایک بلند پایہ صوفی بزرگ اور شیخ طریقت بھی تھے اور مشہور صوفی بزرگ حضرت شاہ عبدالقادر رائے پوری کے خلیفہ مجاز تھے۔ حکومت پاکستان نے آپ کو 14اگست 1985ء کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی اوربعد ازاں ستارۂ امتیاز عطا کیا تھا۔
علامہ سید انور حسین نفیس الحسینی نفیس رقم 5 فروری 2008ء کولاہور میں وفات پاگئے اور لاہور ہی میں اپنی بناکردہ خانقاہ حضرت سید احمد شہید میں آسودۂ خاک ہوئے۔
 

UP