1980-08-14
1935 Views
صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی۔ خالد اقبال
خالد اقبال
پاکستان کے معروف لینڈ اسکیپ مصور خالد اقبال 23 جون 1929ء کوشملہ میں پیدا ہوئے تھے۔ انھوں نے دہرہ دون سے او لیولز کیا اور 1948ء میں پاکستان آگئے جہاں انھوں نے مشہور مصور شیخ احمد سے مصوری کی تعلیم حاصل کی۔ قیام لاہور کے دوران انھوں نے ایف سی کالج اور اورینٹل کالج سے مزید تعلیم حاصل کی اور مصوری کی تدریس کے پیشے سے وابستہ ہوئے۔ وہ ایچی سن کالج، لاہور، پنجاب یونیورسٹی، فائن آرٹس ڈیپارٹمنٹ اور نیشنل کالج آف آرٹس ، لاہور سے منسلک رہے۔ ان کے شاگردوں کی ایک طویل فہرست ہے جن میں ذوالقرنین حیدر، اعجاز انور ، سعید اختر اور اطہر طاہر کے نام نمایاں ہیں۔ 14 اگست 1980ء کو حکومت پاکستان نے انھیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا۔ 19 جون 2014ء کو ان کا انتقال ہوگیا۔