طفیل نیازی
پاکستان کے معروف لوک گلوکار طفیل نیازی 1926ء میں ضلع جالندھر کے گائوں مڈیراں میں پیدا ہوئے تھے۔ طفیل نیازی نے پہلے پہل نوٹنکیوں میں شرکت کی اور سسی پنوں، ہیرا رانجھا، سوہنی مہینوال اور پورن بھگت جیسے کلاسیکل ڈراموں میں ہیرو کا کردار ادا کیا، پھر اپنی ایک سنگیت پارٹی قائم کرکے مختلف مقامات پر گانے کے سلسلے کا آغاز کیا۔ قیام پاکستان کے بعد پہلے ملتان میں سکونت اختیار کی پھر لاہور چلے آئے۔
26 نومبر 1964ء کو پاکستان ٹیلی وژن کی افتتاحی نشریات کا آغاز ان کے مشہور گانے ’’لائی بے قدراں نال یاری‘‘ سے ہوا۔ 70ء کی دہائی میںوہ لوک ورثہ کے ادارے سے وابستہ ہوئے اور ٹیلی وژن کے مشہور پروگرام لوک تماشا میں خود بھی گانے گائے اور دوسروں کے گانوں کی دھنیں بھی ترتیب دی۔
14 اگست 1982 ء کو حکومت پاکستان نے طفیل نیازی کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا۔ ان کا انتقال 21 ستمبر 1990ء کو اسلام آباد میں ہوا۔