Haji Muhammad Shareef
صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی۔ حاجی محمد شریف

حاجی محمد شریف

پاکستان کے نامور مصور حاجی محمد شریف 1889ء میں ریاست پٹیالہ میں پیدا ہوئے تھے۔ آپ کے دادا اور والد دونوں ریاست پٹیالہ کے درباری مصور تھے۔ حاجی محمد شریف نے مصوری کے اسرار و رموز اپنے والد بشارت اللہ خان کے ایک شاگرد لالہ شائورام اور استاد محمد حسین خان سے سیکھے اور 1906ء میں مہاراجہ پٹیالہ کے دربار سے وابستہ ہوگئے۔
انیس سو چوبیس میں ان کی منی ایچر پینٹنگز کی ایک نمائش لندن میں ہوئی جس سے ان کی بڑی شہرت ہوئی اور انہیں ممبر آف برٹش ایمپائر کا اعزاز عطا کیا گیا۔ 1945ء میں وہ لاہور آگئے اور میو اسکول آف آرٹ میں مصوری کی تعلیم دینے لگے۔ 1965ء میں ریٹائرمنٹ کے بعد وہ پنجاب یونیورسٹی کے فائن آرٹس ڈیپارٹمنٹ سے بطور وزیٹنگ پروفیسر منسلک ہوئے اور ایک طویل عرصہ تک طلبہ کو مصوری کی تعلیم سے آراستہ کرتے رہیں۔ ان کے قدر دانوں میں صدر ایوب خان اور وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو دونوں شامل تھے۔
حکومت پاکستان نے مصوری میں ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر انہیں14 اگست  1967ء کو  صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا۔
حاجی محمد شریف 9 دسمبر 1978ء کو لاہور میں انتقال کرگئے اور لاہور ہی میں میانی صاحب کے قبرستان میں آسودہ خاک ہوئے۔

UP