استاد امانت علی خان، استاد فتح علی خان
پاکستان کے نامور موسیقار اور گلوکار استاد امانت علی خان اور استاد فتح علی خان کا تعلق برصغیر کے مشہور موسیقی دان گھرانے پٹیالہ گھرانے سے تھا۔ وہ جرنیل علی بخش کے پوتے اور استاد اختر حسین خان کے فرزند ہیں۔
استاد امانت علی خان 1922ء میں اوراستاد فتح علی خان 1935ء میں پیدا ہوئے تھے اور 1948ء میں پاکستان آگئے تھے۔
استاد امانت علی خان اور استاد فتح علی خان بالعموم ایک ساتھ سنگت کرتے تھے وہ کلاسیکی اور ہلکی پھلکی موسیقی دونوں میں یکساں مہارت رکھتے تھے۔ استاد امانت علی خان کی آواز میں ملائمت تھی جسے فتح علی خان اپنی مرکیوں، تان پلٹوں اور پیوندوں سے سجاتے چلے جاتے تھے اور سننے والوں پر سحر طاری کردیتے تھے۔ حکومت پاکستان نے ان دونوں بھائیوں کو 1969 ء میں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا۔
استاد امانت علی خان 18 ستمبر 1974ء کو لاہورمیں وفات پاگئے جہاں وہ مومن پورہ کے قبرستان میں آسودہ خاک ہیں۔استاد فتح علی خان لاہور میں قیام پذیر ہیں۔