Completed Quaid e Azam Tomb
قائد اعظم کے مزار کی تعمیر مکمل ہوئی

مزار قائد اعظم

٭15 جنوری 1971ء کو قائد اعظم کے مزار کی تعمیر پایۂ تکمیل کو پہنچ گئی۔ اس موقع پر صدر مملکت جنرل آغا محمد یحییٰ خان نے قائد اعظم کی ہمشیرہ محترمہ شیریں بائی کے ہمراہ قائد اعظم کے مزار پر حاضری دی جہاں ان کا استقبال پرنسپل اسٹاف آفیسر اور قائد اعظم میموریل بورڈ کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل ایس جی ایم پیرزادہ نے کیا۔اس موقع پر جنرل آغا محمد یحییٰ خان نے قائد اعظم کے مزار کا تفصیلی معائنہ کیا اور قائد اعظم اور ان کے رفقا کے مزارات پر فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے اعزازی مشیر تعمیرات انجینئر مسٹر ایم رحمن اور آرکیٹکٹ ایم اے احد کا شکریہ ادا کیا جن کی لگن اور توجہ سے یہ کام پایہ تکمیل کو پہنچا۔
قائد اعظم کے مزار کا سنگ بنیاد 31 جولائی 1960ء کو اس وقت کے صدر مملکت فیلڈ مارشل محمد ایوب خان نے رکھا تھا۔ اس کی تعمیر بڑی سست روی کے ساتھ آگے بڑھتی رہی تاہم اس میں اس وقت تیزی آئی جب صدر محمد یحییٰ خان نے اپریل 1969ء میں اس کا معائنہ کیا اور لیفٹیننٹ جنرل ایس جی ایم پیرزادہ کی سربراہی میں ایک بورڈ تشکیل دیا۔
قائد اعظم کے مزار پر تینوں مسلح افواج کے دستے باری باری پہرہ دیتے ہیں۔ مزار کی تعمیر کی تکمیل کے پہلے دن 15 جنوری 1971ء کو پاک بحریہ کے دستوں نے پہرہ دیا تھا۔
 

UP