ثقلین مشتاق
٭29 دسمبر 1976ء پاکستان کے مشہور اسپن بائولر ثقلین مشتاق کی تاریخ پیدائش ہے۔
ثقلین مشتاق لاہور میں پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز 8 ستمبر 1995ء کو اور ایک روزہ بین الاقوامی کیریئر کا آغاز 29 ستمبر 1995ء کو کیا تھا۔یہ دونوں میچ انہوں نے سری لنکا کے خلاف کھیلے تھے۔
1996ء میں ثقلین مشتاق نے 32 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 65 وکٹیں حاصل کرکے ایک کیلنڈر ایر میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ثقلین مشتاق کی ان 65 وکٹوں میں ایک ہیٹ ٹرک بھی شامل تھی جو انہوں نے 3 نومبر 1996ء کو پشاور میں زمبابوے کے گرانٹ فلاور، جان رینی اور اینڈریو وٹل کو آئوٹ کرکے حاصل کی۔ ثقلین مشتاق دنیا کے پہلے اسپنر تھے جنہوں نے ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں ہیٹ ٹرک بنانے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
ثقلین مشتاق کے نئے ریکارڈز کا سلسلہ 1997ء میں بھی جاری رہا۔ 12 مئی 1997ء کو جب انہوں نے آزادی کپ ٹورنامنٹ میں گوالیار کے کیپٹن روپ سنگھ اسٹیڈیم میں سری لنکا کے کمارا دھرم سینا کو آئوٹ کیا تو وہ دنیا میں سب سے کم عمر، سب سے کم وقت اور سب سے کم میچوں میں 100 وکٹیں حاصل کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔ ثقلین مشتاق نے یہ اعزاز 20 سال 166 دن کی عمر، ایک سال 226 دن کی مدت اور 53 میچ کھیل کر حاصل کیا۔ اس سے قبل سب سے کم میچوں میں سو وکٹیں مکمل کرنے کا اعزاز آسٹریلیا کے ڈینس للی کے پاس تھا جنہوں نے یہ سو وکٹیں 63 میچوں میں حاصل کی تھیں۔
ثقلین مشتاق 2004ء تک کرکٹ کے میدان میں فعال رہے ، اس دوران انہوں نے مجموعی طور پر 49 ٹیسٹ میچ کھیلے اور208 وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے 169 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی جس میں انہوں نے 288 وکٹیں حاصل کیں۔