سر سلطان محمد شاہ آغا خان سوم
٭2 نومبر 1877ء مسلمانوں کے اسماعیلی فرقے کے 48 ویں امام اور تحریک پاکستان کے عظیم رہنما سر سلطان محمد شاہ آغا خاں سوم کی تاریخ پیدائش ہے۔
سر سلطان محمد شاہ آغا خان سوم 2 نومبر 1877ء کو کراچی میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ اپنے والد کی وفات کے بعد 18 اگست 1885ء کو فقط 8 برس کی عمر میں منصب امامت پر فائز ہوئے۔ وہ اپنے زمانے کے عظیم سیاستدان اور مدبر تھے۔ انہوں نے نہ صرف یہ کہ برصغیر پاک و ہند کی خوشحالی کے لیے عظیم خدمات انجام دیئے بلکہ بین الاقوامی سیاست میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
سر سلطان محمد شاہ آغا خان سوم نے مسلم لیگ کی تاسیس اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے قیام میں بھی بڑا فعال کردار ادا کیا۔ وہ کئی مرتبہ آل انڈیا مسلم لیگ کے صدر منتخب ہوئے۔ 1930ء کی دہائی میں انہوں نے لندن میں منعقد ہونے والی گول میز کانفرنسوں میں مسلمانان برصغیر کی نمائندگی کی۔ انہیں اپنے سیاسی بصیرت اور اعلیٰ تدبر کی وجہ سے دنیا بھر میں بے انتہا احترام اور مقبولیت حاصل تھی۔ 1937ء میں انہیں لیگ آف نیشنز کی جنرل اسمبلی کا صدر منتخب کیا گیا۔
سر سلطان محمد شاہ آغا خان سوم نے 11 جولائی 1957ء کو وفات پائی اور مصر میں اسوان کے مقام پر آسودۂ خاک ہوئے۔ آپ کی خود نوشت سوانح عمری Memories of Aga Khan کے نام سے شائع ہوئی تھی۔