Birth of Jamshed Ansari
جمشید انصاری کی پیدائش

جمشید انصاری

٭ پاکستان ٹیلی ویژن، ریڈیو اور سٹیج کے معروف فنکار جمشید انصاری کی تاریخ پیدائش  31دسمبر 1942ءہے۔ جمشید انصاری سہارنپور میں پیدا ہوئے تھے۔
قیام پاکستان کے بعد انہوں نے کراچی میں سکونت اختیار کی اور گریجویشن کرنے کے بعد لندن چلے گئے جہاں انہوں نے بی بی سی میں کام بھی کیا اور ٹیلی پروڈکشن کے کورس بھی مکمل کئے۔ 1968ء میں وہ پاکستان واپس آ گئے جہاں انہوں نے ریڈیو پاکستان میں صداکاری کے جوہر دکھانے شروع کئے۔ وہ ایک طویل عرصہ تک ریڈیو پاکستان کے مشہور سلسلے ’’حامد میاں کے ہاں‘‘ میں اپنی فنی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے رہے۔
پاکستان میں ٹیلی ویژن کی آمد کے بعد انہوں نے پی ٹی وی لاہور مرکز کے ڈرامے جھروکے سے اپنی فنی زندگی کا آغاز کیا تاہم انہیں اصل شہرت کراچی مرکز سے ملی جہاں انہوں نے حسینہ معین کے لکھے ہوئے سیریلز کرن کہانی، زیر زبر پیش، انکل عرفی اور تنہائیاں میں یادگار کردار ادا کیے۔ ان کے دیگر مزاحیہ سیریلز میں یس سر نو سر، آشیانہ، خزانہ کا راز، رفتہ رفتہ، برگر فیملی، رات ریت اور ہوا، زہے نصیب، ماہ نیم شب اور چاند بابو کے نام سرفہرست ہیں۔
24اگست 2005ء کو جمشید انصاری طویل علالت کے بعد کراچی میں وفات پاگئے اور وہیں مغل پورہ قبرستان حب میں آسودئہ خاک ہیں۔


 

UP