General Election 1970
پاکستان میں عام انتخابات کا انعقاد

عام انتخابات

٭7 دسمبر 1970ء کو بالغ رائے دہی کی بنیاد پرپاکستان کے پہلے عام انتخابات منعقد ہوئے ان انتخابات میں ملک کی 24 سیاسی جماعتوں نے حصہ لیا۔ انتخابات کے اسم حاذ پر 1499 امیدوار تھے۔ 300 نشستیں تھیں جن کا فیصلہ پاکستان کے ساڑھے پانچ کروڑ رائے دہندگان کو کرنا تھا۔
یہ انتخابات اس لحاظ سے بہت اہمیت رکھتے تھے کہ ان کے لیے تاریخ کی طویل ترین انتخابی مہم چلائی گئی تھی اور بلوچستان کے عوام نے پہلی مرتبہ اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
انتخابات کے نتائج نے پاکستان میں ایک بالکل نئی صورتحال کو جنم دیا۔ مشرقی پاکستان کی 162 نشستوں میں سے عوامی لیگ نے 2 کے سوا باقی تمام نشستیں جیت لیں۔ (ان دو نشستوں پر نور الامین اور راجہ تری دیورائے کامیاب ہوئے)۔ مغربی پاکستان میں 138 نشستوں میں 81 نشستوں پر پاکستان پیپلز پارٹی کامیاب ہوئی جب کہ مسلم لیگ (قیوم گروپ) کے 9‘ کونسل مسلم لیگ کے 7‘ جمعیت علمائے اسلام کے 7‘ جمعیت علمائے پاکستان کے 7‘ نیپ (ولی خان گروپ) کے 6‘ جماعت اسلامی کے 4‘ کنونشن مسلم لیگ کے 2 اور پاکستان جمہوری پارٹی کا فقط ایک امیدوار کامیاب ہوا۔
17 دسمبر کو صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ہوئے تو ملک کے دونوں حصوں میں دوبارہ اسی قسم کے نتائج سامنے آئے۔ مشرقی پاکستان میں عوامی لیگ کو اور مغربی پاکستان میں پاکستان پیپلز پارٹی کو اکثریت حاصل ہوئی۔ ان انتخابات کا نتیجہ یہ ہوا کہ دونوں صوبوں کی سیاست میں جو بعد المشرقین موجود تھا وہ مستحکم ہوگیا اور ملک کی قسمت تین افراد صدر محمد یحییٰ خان‘ شیخ مجیب الرحمن اور ذوالفقار علی بھٹو کے ہاتھوں میں آگئی۔
 

UP