فضل الٰہی چوہدری /صدرِ پاکستان
فضل الٰہی چوہدری یکم جنوری 1904ء کو مرالہ تحصیل کھاریاں ضلع گجرات میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے فارغ التحصیل تھے۔ تحریک پاکستان میں انہوں نے مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے حصہ لیا اور 1946ء میں پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ قیام پاکستان کے بعد وہ پنجاب کے وزیر تعلیم اور وزیر صحت رہے۔ 1956ء میں وہ مغربی پاکستان اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور اس اسمبلی کے اسپیکر رہے۔
وہ 1962ء اور 1965ء میں قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور 1965ء سے 1969ء تک قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر رہے۔
1970ء میں وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر تیسری مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور پہلے قومی اسمبلی کے اسپیکر اور پھر صدر پاکستان کے منصب پر منتخب ہوئے۔ اس آخری عہدے پر وہ 16 ستمبر 1978ء تک فرائض انجام دیتے رہے۔ وہ ایک طویل عرصے تک مسلم لیگ سے وابستہ رہے اور 1967ء میں پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے۔ 1970ء کے عام انتخابات میں وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کے رکن اور 1972ء میں عبوری آئین کے نفاذ کے بعد اس اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوئے۔ وہ 7 اگست 1973ء تک اس عہدے پر فائز رہے۔
10 اگست 1973 ء کو وہ پاکستان کے پہلے صدر منتخب ہوئے ان کا مقابلہ نیشنل عوامی پارٹی کے امیدوار امیر زادہ خان سے تھا جنہیں ان کے 139 ووٹوں کے مقابلے میں صرف 45 ووٹ ملے۔۔ وہ پاکستان کے پہلے صدر تھے جن کا انتخاب 1973ء کے دستور کے تحت پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے ارکان نے کیا تھا۔
فضل الٰہی چوہدری 16 ستمبر 1978ء تک اس عہدے پر فائز رہے۔ یکم جون 1982ء کو ان کا انتقال ہوگیا۔ وہ مرالہ گوجرہ‘ تحصیل کھاریاں ضلع گجرات میں آسودہ خاک ہیں۔