

استاد برکت علی خان
٭19جون 1963ء کو پاکستان کے نامور کلاسیکی موسیقار اور غزل کے گائیک استاد برکت علی خان لاہور میں وفات پاگئے۔
استاد برکت علی خان 1905ء میں قصور میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ علی بخش خان قصوری کے فرزند اور استاد بڑے غلام علی خان کے چھوٹے بھائی تھے اور یوں ان کا تعلق موسیقی کے مشہور قصور گھرانے سے بنتا تھا۔
استادبرکت علی خان نے موسیقی کی تعلیم اپنے والد علی بخش خان قصوری سے حاصل کی تھی۔ وہ ٹھمری، دادرا، غزل، گیت اور ماہیا گانے میں اپنا جواب نہیں رکھتے تھے۔ ان کی آواز میں اتنا درد، لوچ، لچک اور رسیلاپن تھا کہ سننے والے وجد میں آجاتے تھے۔ 1940ء کی دہائی میں انہیں جنوبی ایشیا میں غزل گائیکی کا بے تاج بادشاہ تصور کیا جاتا تھا۔ ان کے انداز کی بے شمار غزل گائیکوں نے پیروی کی جن میں سب سے بڑا نام موجودہ عہد کے نامور غزل گائیک غلام علی کا ہے جو خود بھی استاد برکت علی خان کے شاگرد ہیں۔