Birth of Syed Yousaf Raza Gilani
یوسف رضا گیلانی کی پیدائش

 یوسف رضا گیلانی

٭ مخدوم سید یوسف رضا گیلانی کی تاریخ پیدائش 9جون 1952ء ہے۔
مخدوم یوسف رضا گیلانی کراچی میں پیدا ہوئے ان کا تعلق جنوبی پنجاب کے ضلع ملتان کے ایک ایسے بااثر جاگیردار پیرگھرانے سے ہے جو پچھلی کئی نسلوں سے سیاست میں مضبوطی سے قدم جمائے ہوئے ہے۔ ملتان کی درگاہ حضرت موسیٰ پاک کا گدی نشین ہونے کی بناء پر ان کا خاندان مریدین یا روحانی پیروکاروں کا بھی وسیع حلقہ رکھتا ہے۔یوسف رضا گیلانی کے والد علمدار حسین گیلانی1951ء میں پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ وہ کئی مرتبہ پنجاب کی صوبائی کابینہ سے وابستہ رہے تھے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے اپنی عملی سیاست کا آغاز سن1978ء میں کیا۔ انہوں نے 1983ء میں ضلع کونسل کے انتخابات میں حصہ لیا اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اور پیپلز پارٹی کے موجودہ رہنما سید فخر امام کو شکست دیکر چیئرمین ضلع کونسل ملتان منتخب ہوئے۔
1985ء میں انہوں نے صدر جنرل ضیاء الحق کے غیر جماعتی انتخابات میں حصہ لیا اور وزیراعظم محمد خان جونیجو کی کابینہ میں وزیر ہاوسنگ و تعمیرات اور بعد ازاں وزیر ریلوے بنائے گئے۔ 1988ء میں وہ پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے اور اسی برس ہونے والے عام انتخابات میں انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لیا اور اپنے مدمقابل نواز شریف کو شکست دی جو قومی اسمبلی کی چار نشستوں پر امیدوار تھے۔ان انتخابات میں کامیابی کے بعد یوسف رضا گیلانی ایک مرتبہ پھر وفاقی کابینہ کے رکن بننے اور اس مرتبہ انہیں بینظیر بھٹو کی کابینہ میں سیاحت اور ہاؤسنگ و تعمیرات کی وزارت ملی۔1990ء میں وہ تیسری مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ 1993ء کے عام انتخابات میں وہ ایک مرتبہ پھر قومی اسمبلی کے رکن بننے میں کامیاب رہے اور انتخابات کے بعد قومی اسمبلی کے اسپیکر کے منصب پر فائز ہوئے۔1997ء کے عام انتخابات میں وہ کامیاب نہ ہوسکے اور 2002ء کے عام انتخابات میں نیب کے مقدمات کی وجہ سے حصہ نہ لے سکے۔ 2008ء کے عام انتخابات میں سید یوسف رضا گیلانی ملتان سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور 24  مارچ 2008 سے  26 اپریل 2012 تک  پاکستان کے وزیراعظم کے منصب پر فائز  رہے۔2013 کے عام انتخابات  میں انہوں نے حصہ نہیں لیا۔ ۔ ۔
یوسف رضا گیلانی نے اڈیالہ جیل میں اسیری کے دوران اپنی یاداشتوں پر مبنی پر ایک کتاب بھی تحریر کی تھی جس کا عنوان ’’چاہ یوسف سے صدا‘‘ ہے۔

UP